• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تبدیلی نے برا حال کردیا، مہنگائی ختم اور اچھا وقت لائیں گے، نواز شریف

ﷰبورے والا (نامہ نگار،ایجنسیاں) مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ تبدیلی نے برا حال کر دیا، مہنگائی ختم اور اچھا وقت لائیں گے،ان لوگوں نے ملک کا کیا حال کر دیا، میرے دور میں ہر چیز سستی تھی، اب بجلی ہے نہ گیس،یہ وہ ٹولہ ہے جس نے پاکستان کے جسم پر کلہاڑا مارا ہے،بورے والا میں میں ایئرپورٹ بنائینگے، میرے دور میں بل 500روپے آتا تھا، آج 20ہزار روپے آتا ہےملک کا کیا حال کر دیا۔ مریم نواز نے کہا کہ مخالفین جہاں جلسہ کرتے ہیں وہاں نواز شریف کے منصوبے نظر آ رہے ہیں،ہمارے منشور میں ہر شہر کی ترقی شامل ہے، نوازشریف نے کہا کہ وقت بدل گیا، آج وہ وقت یاد آتا ہے روٹی 4روپے کی ملتی تھی، آج روٹی 20روپے کی ملتی ہے، یہ ہے تبدیلی، افسوس کی بات ہے، ہم نے لوڈشیڈنگ ختم کردی تھی، مسلم لیگ ن کے قائد نے مزید کہا کہ روٹی اور سبزیاں آج مہنگی ہیں، نوازشریف کے دور میں سبزیاں 10روپے کلو ملتی تھیں، وعدہ کرتا ہوں ن لیگ آکر مہنگائی کو مٹائے گی، ن لیگ بجلی سستی کرے گی، ہم روٹی اور چینی کی قیمت کو بھی سستا کریں گے، انشاء اللہ گیس گھر گھر ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نوجوانوں سے ہمدردی ہے، آپ سے بہت پیار کرتا ہوں، افسوس کی بات ہے نوجوانوں کے پاس روزگار نہیں، نوازشریف کی حکومت قائم رہنے دی جاتی تو آج یہاں پر کوئی نوجوان بے روزگار نہ ہوتا، یہ ہے تبدیلی کہ بورے والا میں اتنے لوگ بیروزگار ہیں۔ نوازشریف نے کہا کہ آج بیروزگاری ختم ہوجانی چاہئے ، یہ وہ ٹولہ ہے جس نے پاکستان کے جسم پر کلہاڑا مارا ہے، زیادتی کی ہے، یہ موٹروے اپنی ذات کیلئے نہیں آپ کیلئے بنائی ہے، ن لیگ کی حکومت آئی تو ایک موٹروے بورے والا سے بھی گزریگی، کسان بھائیوں سے پوچھتا ہوں یوریا کھاد کتنے کی ملتی ہے؟ ہمارے دور میں یوریا 1200روپے ملتی تھی، آج 5ہزار کی ہے، یہ ہے تبدیلی؟ سابق وزیراعظم نے کہا کہ نوازشریف کے دور میں ٹریکٹر9لاکھ روپے کا تھا، آج ٹریکٹر 38لاکھ روپے کا ہے، یہ بہت افسوسناک بات ہے، انہوں نے پاکستان کو کہاں پہنچا دیا، آپکی مدد سے ہم پاکستان کو پھر واپس لائیں گے۔مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے مخالفین جہاں بھی جلسے کررہے ہیں، وہیں نواز شریف کے منصوبے نظر آ رہے ہیں،بہت تکلیف ہوتی ہے جب کسی بے روزگار نوجوان کو ہاتھ اٹھاتے دیکھتے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید