برمنگھم(پ ر) تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی کی اپیل پر بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر تحریک کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام برطانیہ کے مختلف شہروں برمنگھم، بریڈفورڈ، گلاسگو، لوٹن، والسل میں یوم سیاہ منایا گیا اور احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ بھارت کی نام نہاد جمہوریت کو بے نقاب کیا گیا مظاہرین نے مختلف بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پرتحریرتھا کہ بھارت ایک دہشت گرد ملک ہے بھارت جمہوریت کے نام پر دنیا کو دھوکہ دے رہا ہے کشمیری اپنے حق خودارایت اور جمہوری حق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ مظاہرین نےبھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی کہ بھارتی فوج کشمیر سے نکل جائے کشمیریوں کا قتل عام بند کیا جائے آزادی ہمارا حق اور بھارت جھوٹا اور مکار ملک ہے کشمیری عوام کوحق خودارادیت دیاجائے۔ مختلف شہروں میں مظاہروں کی قیادت تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، سرپرست اعلیٰ سید طفیل حسین شاہ،جنرل سکریٹری حافظ محمد آزاد، سینئرنائب صدر چوہدری محمد شریف ،منگھم برانچ کے صدر چوہدری اکرام الحق، راجہ قمر عباس ، حافظ محمد ادریس، ڈاکٹر جاوید گل، حاجی سجاد حسین ، معظم چوہدری ، حافظ عرفان، نے کی۔ محمد غالب نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی آزادی کو سلب کر کے جمہوریت اور آزادی کا جشن نہیں منا سکتا بھارت جمہوریت اور انسانیت کا قاتل ملک ہے کسی معاہدے اور وعدے کی پابندی نہیں کرتا بھارت دنیا کے امن کے لیے خطرناک ملک ہے ۔اقوام متحدہ کے قیام کا مقصد مظلوم اور محکوم قوموں کو آزادی اور انصاف دلانا تھااور یہ ادارہ اپنے مقاصد میں ناکام ہوگیا ہے۔ راجہ فہیم کیانی نے کہا ہے بھارت کی نام نہاد جمہوریت بے نقاب ہوچکی ہے بھارت کا اصل روپ دنیا کے سامنے آچکا ہے ایسے ملک کو لگام دینے کی ضرورت ہے اور مسئلہ کشمیر اگر پُرامن طور پر حل نہ ہوا تو نتائج کی ذمہ داری اقوم متحدہ اور بھارت پر ہوگی بھارت نے امن اور مذاکرات کے سارے راستے بند کر رکھے ہیں بھارت کے ناپاک عزائم کو روکنے کی ضرورت ہے۔ حافظ محمد آزاد نے کہا ہے مسئلہ کشمیر بھارت کی مسلسل ہٹ دھرمی اور عدم تعاون کی وجہ سے حل نہیں ہوا کشمیری اپنے جمہوری حق کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اقوام عالم نے کشمیریوں کے ساتھ انصاف کیا ہوتا تو لاکھوں کشمیری بھارتی دہشت گردی کا نشانہ نہ بنتے۔