راولپنڈی (اے پی پی) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر و سابق وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ قوم نے 8 فروری کو فیصلہ دینا ہے کہ کس نے پاکستان کی خدمت کی اور کس نے پاکستان کی عوام کو دھوکہ دیا راولپنڈی سمیت پاکستان کے عوام پرلازم ہے کہ 8فروری کو شیر پر مہر لگائیں، نواز شریف کو مناظرے کے چیلنج دینے والے نواز شریف کو اپنے صوبے میں دعوت دیں وہیں پر موازنہ بھی ہو گا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گذشتہ روز لیاقت باغ راولپنڈی میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا۔ شہباز شریف نے کہاکہ تاریخی لیاقت باغ میں عظیم پاکستانی آئے، یہاں محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت سمیت ایک بڑی تاریخ ہے نواز شریف نے کئی مرتبہ لیاقت باغ میں خطاب کیالیکن نواز شریف اور دوسری پارٹیوں کی قیادت میں فرق یہ ہے کہ نواز شریف نے لیاقت باغ میں جو بھی وعدے کئے وہ پورے کئے۔ نواز شریف نے راولپنڈی کو 44ارب کی میٹروبس سروس بنا کر دی آج میٹرو بس میں مزدور، طلباء، سرکاری ملازمین سمیت ہر مکتبہ فکر کے لوگ سفر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے تعمیروترقی کا عملی ثبوت دیا اگر نواز شریف کے منصوبے گنوانا شروع کروں تو شام ہو جائے گی مگر جو لوگ اس کے بعد آئے انہوں نے کیا کیا، جبکہ پی ٹی آئی نے گالی گلوچ کی سیاست کے علاوہ کچھ نہیں دیا اگر نواز شریف کو اللہ نے دوبارہ موقع دیا تو لاہور کی طرح راولپنڈی میں بلیو ٹرین شروع کریں گے۔