کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی خواتین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں منگل کو راولپنڈی، لاہور اور کراچی نے کامیابی حاصل کرلی۔ فائنل بدھ کو کراچی اور لاہور کے درمیان کھیلا جائے گا۔ شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں راولپنڈی نے کوئٹہ کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔ ناکام ٹیم 8 وکٹوں پر 84 رنز بناسکی۔ راولپنڈی نے ایک وکٹ پر ہدف حاصل کرلیا۔ عالیہ ریاض نے اٹھارہ گیندوں پر 58 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے۔ ایوب پارک گراؤنڈ راولپنڈی میں کراچی نے ملتان کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 20 رنز سے ہرادیا ۔ملتان نے 5 وکٹوں پر 114 رنز اسکور کیے۔ گل فیروزہ نے 67 رنز اسکور کیے۔کراچی نے پندرہ اوورز میں 3 وکٹوں پر 100 رنز اسکور کیے تھے کہ خراب موسم کی وجہ سے میچ روک دیا گیا۔ اسلام آباد میں لاہور نے پشاور کو دس وکٹ سے ہرایا ۔پشاور صرف 50 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ نشرہ سندھو نے 2 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔لاہور نے سدرہ امین کے 41 رنز ناٹ آؤٹ کی مدد سے مطلوبہ اسکور بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔