ممبئی (جنگ نیوز)انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کیلئے بھارتی کرکٹ ٹیم میں شامل ہونے والے سرفراز خان کیلئے خوشی عارضی ثابت ہوسکتی ہے۔ اسٹار بیٹر ویرات کوہلی ابتدائی دوٹیسٹ سے دستبردار ہوئے تھے، ان کی واپسی کے بعد نان ریگولر بیٹرز کو جگہ خالی کرنا پڑیگی۔ اس متعلق سابق اسپنر ہربھجن سنگھ نے سرفراز خان کو پہلے ہی متنبہ کردیا ہے۔ ہربھجن سنگھ نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا کہ سرفراز خان کو اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا پڑے گا کیونکہ جب ویرات کوہلی واپس آئیں گے تو کسی کو باہر جانا پڑے گا۔ اس لیے وہ اس موقع کو ضائع کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ اس نے بہت محنت کی ہے اور ڈومیسٹک کرکٹ میں بہت زیادہ رنز بنائے ہیں۔ ہربھجن نے پہلے ٹیسٹ میں بھارتی بیٹنگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تجربے کی کمی ٹیم کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹنگ بہت کمزور لگ رہی ہے۔ روہت شرما ٹیم میں واحد تجربہ کار بیٹر ہیں۔ ان کے بعد ٹیم میں روی چندرن اشون کے سب سے زیادہ رنز ہیں۔ اگر ویرات کوہلی ہوتے تو بیٹنگ بہت مضبوط نظر آتی۔