کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع کوئٹہ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ضلع کوئٹہ میں پارٹی کے نامزد امیدواروں کی انتخابی مہم زوروشور سے جاری ہے، کامیابی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ہوگی جو دعوؤں پر نہیں عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ مخالفین کے پروپیگنڈے کی پروا نہیں ، ہمارا کام ملک و قوم کی خدمت ہے ، یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع کوئٹہ کے صدر ارباب اقبال، جنرل سیکرٹری جاوید اعوان اور ذاکر بنگلزئی کی قیادت میں ضلعی کابینہ کے دیگر ارکان نے پی بی 46کے امیدوار ملک مصلح الدین مینگل اوراین اے 264 عرض محمد بڑیچ کے انتخابی دفتر کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی منشور عوام کے دلوں کی آواز ہے جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے اپنے قائد میاں نوازشریف کی قیادت میں ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن اور عوام کو خوشحال بنائینگے۔ انہوں نے پارٹی کیخلاف مخالفین کے پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ہم نفرت نہیں خدمت پر یقین رکھتے ہیں، پارٹی اور اس کی قیادت کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے، ہمارا مقصد پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانا ہے، انہوں نے کہا کہ ضلع کوئٹہ میں پارٹی کے تمام حلقوں پر نامزد امیدواروں کی انتخابی مہم جاری ہے اور اس سلسلے میں ضلعی عہدیدار اور کارکن بھرپور مہم چلارہے ہیں۔ 8فروری شیر کی کامیابی کا دن ہوگا۔