کراچی (ٹی وی رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ سائفر اور توشہ خانہ کیسوں میں عمران خان کیخلاف ٹرائل ہی نہیں کیا گیا، یہ ٹرائل آئین و قانون سے مذاق اور فراڈ ہے، عجیب و غریب بات ہے کہ عمران خان کو سزا سنادی گئی مگر ابھی تک فیصلہ نہیں آیا، بشریٰ بی بی کے خود گرفتاری دینے سے ان کی گرفتاری کیلئے پلان کیا گیا ڈرامہ فلاپ ہوگیا۔وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب مصطفیٰ رمدے ،این اے 73ڈسکہ سے ن لیگ کی امیدوار سیدہ نوشین افتخار اور این اے 100فیصل آباد سے پیپلز پارٹی کی امیدوار سدرہ سعید بندیشہ سے بھی گفتگو کی گئی۔ مصطفیٰ رمدے نے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں سیاسی بیانیہ تو بنایا ہے لیکن قانونی دفاع پیش نہیں کرسکے۔سیدہ نوشین افتخار نے کہا کہ خواتین خصوصاً نوجوان بچیوں کا رجحان سیاست کی طرف بڑھ رہا ہے، عورت مارچ کے حق میں نہیں لیکن میں چاہتی ہوں عورتوں کو عزت ضرور دی جائے، ن لیگ میں لیڈنگ رول میں خواتین نظر آرہی ہیں، ن لیگ میں عورتوں کی عزت ہے انہیں احترام مل رہا ہے۔سدرہ سعید بندیشہ نے کہا کہ رانا ثناء اللہ مجھے ڈرانے کیلئے ہر حربہ استعمال کررہا ہے۔