اسلام آباد(فاروق اقدس) سرکار بنام عمران خان، بشریٰ بی بی حاضر ہوں، کورٹ کچہری میں عدالتوں کے باہر اس طرح کے آوازے تو ملزم کو بلانے کیلئے عام سنائی دیتے ہیں لیکن بدھ کو اڈیالہ جیل میں لگائی گئی .
جج محمد بشیر کی احتساب عدالت کے باہر’’یہ آوازہ‘‘ سابق وزیراعظم عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش ہونے کیلئے اس وقت سنا گیا جب عمران خان عدالت میں برہمی کا اظہار کرنے کے بعد یہ کہتے ہوئے وہاں سے چلے گئے تھے کہ میرے ساتھ دھوکہ ہوا ہے مجھے حاضری کیلئے بلایا گیا تھا اور اب 342کا بیان طلب کیا جا رہا ہے .
جب عمران خان عدالت سے گئے تو جج نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کو ہدایت کی کہ وہ عمران خان کے ساتھ جائیں تاہم کچھ دیر انتظار کے بعد ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل نے واپس آ کر عدالت کو بتایا کہ عمران خان نے واپس آنے سے انکار کر دیا ہے اور کہا ہے کہ جب تک وکلا نہیں آتے اس وقت تک وہ عدالت میں نہیں آئیں گے۔