خضدار (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ سمجھتے ہیں بچہ ہے دہشت گردی سے خوفزدہ ہوجائے گا، دہشت گردوں سے ڈرنے والا نہیں، میری پارٹی دہشت گردی اور دہشت گردوں کے نشانے پر ہے، ہمارا سر کٹ تو سکتا ہے لیکن دہشتگردوں کے سامنے جھک نہیں سکتا۔احتجاجی بلوچ خواتین کیساتھ وفاق کا رویہ غیر جمہوری تھا، اقتدار میں آکر بلوچستان کا مسئلہ مذاکرات سے حل کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری کی میزبانی میں جناح اسپورٹس کمپلیکس خضدار میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا ۔جلسہ سے نواب ثناء اللہ زہری، پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر چنگیز جمالی،نواب زادہ میر نعمت اللہ خان زہری اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اقتدار میں آئی تو بلوچستان مسئلے کا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کریگی، گمشدہ افراد کا مسئلہ حل طلب ہے۔