کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سبکدوش صدر بریگیڈ یئر( ر) خالد سجاد کھوکھر نے بالآ خر اپنے عہدے سے استعفی دے دیا،جس کے بعد پی ایچ ایف میں حالیہ تبدیلی کے حوالے سے قانونی جنگ کے بھی خاتمے کا امکان ہے،نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے طارق بگٹی کی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نئے صدر کی تقرری کی منظوری دے دی۔انہیں کانگریس کے اجلاس میں اعتماد کا ووٹ لیں گے،خالد سجاد کھوکھر نے صدر کے عہدے سے استعفیٰ کے بعد پی ایچ ایف کی آئینی اور قانونی دشواریاں ختم ہوگئیں۔ وزیر اعظم ہاؤس سے منظوری کا نوٹیفکیشن منسٹری آئی پی سی کو موصول ہوگیا، نگران وزیر منسٹری آئی پی سی فواد حسین فواد نے پی ایم ہاؤس سے ملنے والے نوٹیفکیشن کی تصدیق کردی ہے۔ذرائع کے مطابق ہفتہ وار اور 5 فروری کی عام تعطیل ہونے کی وجہ سے پاکستان اسپورٹس بورڈ طارق بگٹی کے نئے صدر کی تقرری کا نوٹیفکیشن منگل کو جاری کرے گا۔دوسری جانب پی ایچ ایف کے سابق صدر خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ بطور پی ایچ ایف صدر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، ان کا کسی سے کوئی اختلاف نہیں، انہوں نے ہاکی کے فروغ کے لیے ایمانداری سے کام کیا ۔اس سے قبل پاکستان اسپورٹس بورڈ نے طارق بگٹی کو پی ایچ ایف کی ایڈہاک کمیٹی کا سربراہ بنایا تھا جس کو خالد سجاد کھوکھر نے عدالت میں چیلنج کردیا تھا۔