لاہور(آصف محمود بٹ ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنی لیگل ٹیم کو حلقہ این اے 127میں عطاء تارڑ اور ان کے ساتھیوں کی مبینہ غنڈہ گردی پر الیکشن کمیشن میں دی جانے والی درخواست واپس نہ لینے اور اس پر قانون کے مطابق انصاف حاصل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں ۔ پیپلز لائرز فورم پنجاب کے صدر راحیل چیمہ نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ معاملہ صلح صفائی سے طے ہوجائے تو فریقین درخواستیں واپس لے لیں گے جبکہ ، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے کہا ہے کہ دونوں پارٹیوں کوایک دوسرے پر لگائے الزامات کے تحریری جواب اور ثبوت فراہم کرنے کا کہا ہے گزشتہ روز الیکشن کمیشن کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفسیر کے دفتر پیشی کے دوران انہوں نے عطاء تارڑ کی طرف سے ووٹوں کی خرید و فروخت کے حوالے سے لگائے گئے الزامات کے جواب دیئے۔ راحیل چیمہ نے بتایا کہ انہوں نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کو اپنی درخواست پر دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ عطاء تارڑ خود ان کے دفتر میں آئے اور ان کے ٹیبلٹس ، ووٹر لسٹیں اور تین بندے اٹھا کر لے گئے۔