• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھیلوں میں بھی نیا دور شروع، عام انتخابات سے قبل کرکٹ بورڈ میں جمہوری سیٹ اپ آگیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر/جنگ نیوز) پاکستان میں آٹھ فروری کو عام انتخابات سے ایک نئے دور کا آغاز ہورہا ہے۔ لیکن اس سے قبل کھیلوں میں اعلیٰ انتظامی عہدوں پر تبدیلیاں شروع ہوچکی ہیں۔ محسن نقوی کا انتخاب ملک میں عام انتخابات سے48 گھنٹے پہلے ہوا ہے اور اس کے ساتھ ہی پاکستان کرکٹ بورڈ میں بھی جمہوری سیٹ اپ آگیا اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ میں ایڈہاک سیٹ اپ چل رہا تھا۔ قبل ازیں بین الصوبائی رابطے کی وزارت نے طارق بگٹی کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کا نیا صدر نامزد کرنے کانوٹیفکیشن جاری کر دیاجبکہ سابق صدر خالد سجاد کھوکھر کا استعفیٰ منظور کر لیا گیا۔طارق بگٹی نئے صدر کا نوٹیفکیشن ملنے کے بعد پی ایچ ایف کانگریس کا اجلاس بلائیں گے جس میں وہ اعتماد کا ووٹ لیں گے۔ادھر منگل کو پی سی بی انتخابات کے بعدپی سی بی کے الیکشن کمشنر شاہ خاور نے کہا کہ محسن نقوی کی بطور نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کارکردگی بہت زبردست رہی ہے ،وہ بلا مقابلہ چیئرمین پی سی بی منتخب ہوئے ہیں اور صوبے کے انتظامی سربراہ کا عہدہ ان کے چیئرمین پی سی بی کی ذمے داریاں سنبھالنے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن پی سی بی آئین اور قانون کے مطابق ہے۔ محسن نقوی آج سے ہی بطور پی سی بی چیئرمین 3 سال کیلئے فرائض سر انجام دیں گے ۔ اس سے قبل بھی پی سی بی کے تمام چیئرمین بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ دریں اثنا جیو نیوز کے مطابق ٹینس اسٹار اعصام الحق نے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر کا الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فیڈریشن کے الیکشن 10 فروری کو ہوں گے۔ اعصام الحق کا کہنا ہے کہ ٹینس کھیل کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔ مزید کہا کہ خواہش ہے کہ نوجوان ٹینس کھلاڑی دنیا میں ملک کا نام روشن کریں گے۔

اسپورٹس سے مزید