قصور(نمائندہ جنگ، ایجنسیاں)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم نفرت کی سیاست ختم کرنے کیلئے تیار ہیں، نواز شریف کی سیاست ختم ہونے کے دعوے کرنے والوں کی اب اپنی سیا ست ختم ہوچکی ہے،8فروری صرف الیکشن نہیں ملک و قوم کی تقدیر کا فیصلہ ہے ۔ کھڈیاں میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا سیاسی جنم تب ہوا جب ملک میں خواتین کی عزت نہیں ہو رہی تھی۔ بیٹیوں، بہنوں اور ماؤں کو باپ کے سامنے سزائے موت کی کوٹھڑیوں میں بند کیا جاتا تھا۔ نواز شریف کی بے جاکردار کشی کرنے والوں نے مجھے بھی نہیں بخشا تھا، یہ وقت میرے لیے آسان نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ عوام کو گواہ بنا کر آپ کو اور ملک کی ترقی کی خاطر کہتی ہوں کہ اپنے اوپر ہونے والے تمام مظالم بھلانے کو تیار ہوں۔