راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو ہاسپٹل میں نرسنگ ہاسٹل اور کالج آف نرسنگ کی تزئین و آرائش کا کام شروع کیا جا رہا ہے۔ حکومت پنجاب صحت کے شعبہ میں بہتری لانے کے لئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بینظیر بھٹو ہسپتال میں نرسنگ ہاسٹل اور کالج آف نرسنگ کی تزئین و آرائش کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ نرسنگ ہاسٹل کی تزئین و آرائش پر تقریبا ساڑھے 6 کروڑ جبکہ کالج آف نرسنگ پر تقریبا 4کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ اس موقع پر وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر محمد عمر، ایم ایس بی بی ایچ ڈاکٹر طاہر رضوی سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے کمشنر لیاقت علی چٹھہ کے ہمراہ ہولی فیملی ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ راولپنڈی اور گردونواح کے لوگوں کیلئے ہولی فیملی ہسپتال میں صحت کی معیاری سہولیات میسر ہیں۔