کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں پولنگ کے دوران لڑائی جھگڑے ، پولنگ اسٹیشنوں پر حملے اور بیلٹ پیپر پھاڑنے کے واقعات سامنے آئے ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نیو کراچی گودھرا کے علاقے سے کئی افراد کو حراست میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق عام انتخابات میں شہر کے بعض علاقوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنان کے مابین جھگڑے اور تلخ کلامی کے واقعات پیش آئے ، نیو کراچی سیکٹر الیون آئی میں واقع بعض پولنگ اسٹیشنوں کے باہر ایم کیو ایم پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان کے مابین تلخ کلامی کے واقعات رونما ہوئے جبکہ کئی مقامات پر ایک دوسرے کو گھونسوں اور لاتوں سے بھی مارا گیا۔ سر سید تھانے کے عقب میں واقع سیدہ اکیڈمی اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن پر بھی نامعلوم افراد نے حملہ کر دیا اور پولنگ اسٹیشن کے اندر موجود عملے کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا ،اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی تو معلوم ہوا کہ نامعلوم افراد کی جانب سے پولیس پر بھی حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سرسید کے ہاتھ میں چوٹ بھی لگی ہے ، پولیس کی جانب سے دو ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ نیو کراچی سیکٹر 11جی اسٹار پبلک اسکول کے اندر بنے پولنگ اسٹیشن میں 8 سے زائد افراد منہ پر ماسک لگائے داخل ہوئے ، اسکول میں داخل ہونے والے افراد نے اسکول کے اندر موجود عملے پر تشدد کیا اور پریزائڈنگ افسر کو بھی تھپڑ مارے اور بیلٹ پیپر پر لگائی جانے والی مہر لے کر فرار ہو گئے ، اس معاملے کی اطلاع پریزائڈنگ افسر کی جانب سے پولیس کو فوری فراہم کی گئی مگر پولیس بھی چھینی گئی مہر ملزمان سے برآمد کرنے میں ناکام رہی ، عزیز آباد کے علاقے میں دستگیر گرلز اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن پر بھی نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا،نامعلوم افراد نے پولنگ اسٹیشن میں موجود عملے کو زدو کوب کرنے کے ساتھ ساتھ بیلٹ بکسے بھی توڑ ڈالے جس کی وجہ سے بیلیٹ پیپر جگہ جگہ بکھر گئے ، حملہ کرنے والے افراد جو بیلٹ پیپر اپنے ہمراہ لائے تھے جنہیں وہ پولیس کے آنے کے خوف سے چھوڑ کر فرار ہوئے اس پر انتخابی نشان گٹار پر پہلے سے ہی پہر لگی ہوئی تھی، لانڈھی نمبر 5 کے پولنگ اسٹیشن پر بھی 10سے زائد نقاب پوش افرادنے حملہ کر دیا ، نامعلوم مسلح نقاب پوش افرادنے پولنگ اسٹیشن میں توڑ پھوڑ بھی کی اور بیلٹ پیپرز پھاڑ ڈالے جبکہ بیلٹ باکس کو بھی توڑ ڈالا، واقعہ کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی،ووٹرز کی جانب سے کاسٹ کئے گئے ووٹ بیلٹ باکس ٹوٹ جانے کے باعث پولنگ اسٹیشن میں ہی بکھر گئے تھے جنہیں بعد میں پریزائڈنگ افسر کی جانب سے جمع کرکے اس معاملے کی اطلاع الیکشن کمیشن کو دے دی گئی ۔