بیجنگ(آئی این پی)پاکستان کے انتخابات اور دہشتگردی کے واقعات پر چین نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عام انتخابات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے کہا کہ چین پاکستان کا تمام موسموں کا اسٹریٹجک شراکت دار اور فولادی دوست ہے۔ ترجمان نے کہا امید کرتے ہیں پاکستان کے عام انتخابات ہموار، مستحکم اور محفوظ انداز میں ہوں۔ چینی ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے حملوں پر گہری تشویش ہے۔ ترجمان نے کہا چین پاکستان میں ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حملوں میں جانی نقصان پر دکھ ہے، لواحقین اور زخمیوں سے ہمدردی ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے کہا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔ترجمان نے کہا چین دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی انتھک کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔