اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا ہے کہ قومی اسمبلی کی نشستوں پر (ن) لیگ سب سے بڑی جماعت ہے مگر اس کے باوجود دوسری جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کے خواہاں ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں بھی ہماری اکثریت ہے، آزاد امیدوار بھی ہم سے رابطے میں ہیں، انتخابی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اپنے بیان میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آزاد امیدواروں کے پاس 72گھنٹے میں کسی بھی جماعت کوجوائن کرنے کی چوائس موجود ہے۔