• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب، بہت سے جیتنے والے آزاد امیدوار ن لیگ کے ہیں، مریم اورنگزیب

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کی خصوصی الیکشن نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب میں بہت سے آزاد امیدوار ایسے جیتے جو مسلم لیگ ن کے ہیں، یہ وہ امیدوار ہیں جنہیں ن لیگ ٹکٹ نہیں دے سکی تھی،شہباز شریف اور آصف زرداری کی ملاقات میں ابتدائی بات چیت ہوئی ہے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ کراچی کے مینڈیٹ کو نظرانداز کر کے کوئی وفاقی حکومت آسانی سے نہیں چل سکتی، وفاق کراچی میں انفرااسٹرکچر، ٹرانسپورٹ سمیت ترقیاتی منصوبے دے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی مل کر چلنے کا فیصلہ کریں تو اچھی بات ہے، ایم کیو ایم اس وقت حکومت سازی کے حوالے سے نہیں سوچ رہی۔ فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف خود ہی کسی سے بات کرنے کی انکاری ہوتی ہے، تحریک انصاف اگر ہم سے بات کرنا چاہے گی تو کیوں نہیں کریں گے، ن لیگ کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف اور آصف زرداری کی ملاقات میں ابتدائی بات چیت ہوئی ہے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، آصف زرداری حتمی فیصلے سے قبل یقیناً اپنی جماعت سے مشاورت کریں گے، پنجاب میں مسلم لیگ ن کی اکثریت ہے، پنجاب میں بہت سے آزاد امیدوار ایسے جیتے جو مسلم لیگ ن کے ہیں، یہ وہ امیدوار ہیں جنہیں ن لیگ ٹکٹ نہیں دے سکی تھی، اٹک سے جیتنے والے بیرسٹر عقیل نے ن لیگ کے ساتھ جانے کا اعلان کردیا ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف سب کو اکٹھے لے کر چلنا چاہتے ہیں، تمام جماعتوں کو اکٹھا کرنے کیلئے شہباز شریف کو ذمہ داری دی گئی ہے، آزاد امیدواروں سے بھی رابطے کی ذمہ داریاں لگائی گئی ہیں، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے ساتھ بات چیت شروع ہوگئی ہے، ن لیگ سنگل لارجسٹ پارٹی بن کر ابھری ہے، نواز شریف نے اپنی تقریر میں سب کو ساتھ بیٹھنے کی دعوت دی ہے، اس میں سیاسی جماعتوں کے ساتھ آزاد امیدوار بھی شامل ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک ایسے حالات میں ہے کہ ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے، ہم سب کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہیں، پنجاب میں ن لیگ حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے، کل اہم میٹنگ ہے جو قیادت فیصلہ کرے گی وہی ہوگا، وفاق میں بھی سنگل لارجسٹ پارٹی مسلم لیگ ن ہے، نواز شریف ملک کوآگے لے جانے کیلئے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنانا چاہتے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید