• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر پنجاب کی کیڈٹ کالج خان پور، رحیم یار خان کے بورڈ آف گورنرز بنانے کی منظوری

لاہور (نیوزرپورٹر)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کیڈٹ کالج خان پور کے بورڈ آف گورنرز بنانے کی منظوری سمیت یونیورسٹیوں کی مختلف سمریوں پر احکامات جاری کر دیے ۔تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کیڈٹ کالج خان پور، رحیم یار خان کے بورڈ آف گورنرز بنانے کی منظوری دے دی۔ بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین گورنر پنجاب،وائس چئیرمین کمانڈر سینٹرل پنجاب جبکہ دیگر آفیشل ممبران میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن، سیکرٹری فنانس ڈیپارٹمنٹ اور کمشنر بہاولپور ڈویژن شامل ہیں۔ بورڈ کے نان آفیشل ممبران میں کموڈور ٹریننگ آشور ، سٹیشن کمانڈر نیوی،ڈائریکٹرنیول ایجوکیشن، چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہاولپور، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر(خاتون)اور وائس چانسلر لاہورکالج فار ویمن یونیورسٹی شامل ہیں۔ مزید برآں،گورنر پنجاب/چانسلر نے محمد فاروق کو ایمرسن یونیورسٹی ملتان کو عرصہ تین سال کے لئے رجسٹرار ، ندیم مشتاق کو یونیورسٹی ہذا کا تین سال کے لیے خزانچی جبکہ آفتاب احمد کو تین سال کے لیے کنٹرولر ایگزیمنیشن تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔گورنر پنجاب نے ڈاکٹر حمیرا مجید خان کو ڈین فیکلٹی آف فارماسوٹیکل اینڈ الائیڈ سائنسز لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کو تین سال کے لیے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ ممبر تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔ مزید ازاں، گورنر پنجاب نے نوید احمد کو عرصہ تین سال کے لئے یونیورسٹی آف چکوال کا ٹرایثرار تعینات کرنے کی منظوری بھی دی۔ گورنر پنجاب نے یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس کی وائس چانسلر کا اضافی چارج ڈاکٹر فلیحہ زہرہ کاظمی, ڈین فیکلٹی آف اسلامک اورینٹل لرننگ, لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کو چھ( 6 ) ماہ کے لیے تفویض کردیا۔ گورنر پنجاب نے انتظامی محکمے کو یونیورسٹی ہذا کی وائس چانسلر کی مستقل تعیناتی کیلئے پراسیس جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی ۔ علاوہ ازیں،گورنر پنجاب/چانسلر نے یونیورسٹی آف نارووال کی اکیڈمک کونسل کے ممبران کو عرصہ تین سال کے لیے نامزد کر دیا۔ ان میں پروفیسر ڈاکٹر خرم بشیر، ڈاکٹر بشری حمید الرحمن، ڈاکٹر زاہد یوسف، ڈاکٹر محمد ضیا الحق، ڈاکٹر محمد اشفاق، ڈاکٹر حافظ ایم شہزاد عارف، ڈاکٹر انیلا انور اور پروفیسر زاہدہ یوسف وجاہت شامل ہیں ۔گورنر پنجاب نے گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کے سنڈیکیٹ کے ممبرز نامزد دیے۔ ان میں سابق فیڈرل سیکرٹری شمائل احمد خواجہ، مریم نعمان صدر ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ، فیصل منظور چیئرمین بورڈ آف گورنرز یونیورسٹی آف سیالکوٹ شامل ہیں ۔گورنر پنجاب نے راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ ممبرز کو بھی نامزد کر دیا۔ ان ممبران میں سید طاہر شہباز سابق وفاقی محتسب، میجر جنرل (ر)ملک محمد مسعود، سہیل الطاف چیف بزنس ایڈوائزر وفاقی ٹیکس محتسب، عالیہ ایچ خان سابق ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد اور ڈاکٹر شبنم سرفراز ممبران سوشل سیکٹر پلاننگ کمیشن آف پاکستان شامل ہیں۔
لاہور سے مزید