• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگی پیشکش، پی پی کا فیصلہ آج، سیاسی عدم استحکام سے بچائیں گے، زرداری، بلاول سے شہباز کی باضابطہ ملاقات، تعاون پر اتفاق

لاہور(ایجنسیاں/جنگ نیوز) عام انتخابات کے بعد حکومت سازی کیلئے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی دوسری بیٹھک‘ شہباز شریف کی قیادت میں ن لیگ کے وفد کی بلاول ہاؤس لاہور میں آصف زرداری اور بلاول بھٹوسے باضابطہ ملاقات‘صورتحال پر مشاورت اور تجاویز پر تبادلہ خیال‘ سیاسی تعاون پر اتفاق‘ دونوں جماعتوں کے قائدین نے ملک کو سیاسی عدم استحکام سے بچانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی اکثریت نے ہمیں مینڈیٹ دیا‘مایوس نہیں کریں گے،

جبکہ پیپلز پارٹی نے سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا جس میں ن لیگ کی پیشکش پر غور اور آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیاجائے گا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت سازی کیلئے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی دوسری ملاقات ہوئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے وفد نے شہباز شریف کی قیادت میں بلاول ہاؤس لاہور میں آصف زرداری اوربلاول بھٹوسے ملاقات کی۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور مستقبل میں سیاسی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی‘ قائدین نے ملک کو سیاسی استحکام سے ہم کنار کرنے کیلئے سیاسی تعاون پر اتفاق کیا۔ 

مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں جماعتوں کے قائدین نے اصولی اتفاق کیا کہ سیاسی عدم استحکام سے ملک کو بچائیں گے۔ 

پی پی قیادت نے لیگی قائدین کو بتایاکہ مسلم لیگ ن کی تجاویز سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں رکھیں گے۔ 

ادھر ترجمان کے مطابق پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی مشترکہ صدارت میں آج زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہوگا۔ 

ترجمان کے مطابق مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم سمیت دیگر جماعتوں سے رابطوں کا جائزہ لیا جائے گا اور حکومت سازی سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔

اہم خبریں سے مزید