کراچی (اسٹاف رپورٹر/جنگ نیوز) پاکستان سپر لیگ سیزن نو سے قبل سرفراز احمد کی کپتان سے متعلق چہ مگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد قیادت کو جاری رکھ سکیں گے یا انہیں تبدیل کردیا جائے گا، اس بارے میں فیصلہ بدھ کو ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ اس بار پی ایس ایل فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے نیا کپتان مقرر کیا جائےگا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز گزشتہ 4 سیزن میں پلے آف مرحلے تک نہیں پہنچ سکی تھی۔ پہلے سیزن سے اب تک سرفراز احمد ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ سرفراز احمد کی قیادت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم 2019 میں ہونے والے ایڈیشن میں ایک بار پی ایس ایل ٹرافی اپنے نام کرچکی ہے۔ البتہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منیجر اعظم خان نے کہا ہے کہ کپتان کی تبدیلی کے حوالے سے خبروں میں صداقت نہیں ہے ۔ دریں اثنا سرفراز احمد نے کراچی میں مفت تعلیم کے لیے یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے قیام کیلئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں، اس ضمن میں عوامی تعاون بہت ضروری ہے۔ منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سمیت ملک بھر کی جامعات اور ماہرین تعلیم سے بھی رابطے کرکے تعاون حاصل کیا جائے گا۔ دریں اثنا ٹورنامنٹ سے قبل، پاکستان کے آل راؤنڈر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان، شاداب خان نے نسیم شاہ کے ساتھ ٹیم کو جوائن کیا ہے۔ نسیم شاہ کو ستمبر میں 2023 کے ایشیا کپ کے دوران کندھے کی شدید انجری ہوئی تھی، جس کے بعد سے وہ غیر فعال ہو گئے تھے۔ اس کی سرجری ہوئی ہے اور وہ سائیڈ لائنز پر صحت یاب ہو رہے ہیں۔ ادھر کراچی کنگز کے نئے ہیڈکوچ فل سمنز کراچی پہنچ گئے ہیں، انہوں نے ایونٹ کی تیاریوں کیلئے ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔ کراچی کنگز سپر لیگ نویں ایڈیشن میں گذشتہ برس کی رنرز اپ ملتان سلطانز کے خلاف ان کے ہوم گراؤنڈ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں اتوار 18 فروری کو اپنی مہم شروع کرےگی۔