کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل ٹرافی کی رونمائی منگل کو لاہور کے ریس کورس گراؤنڈ میں ہوگی، پی ایس ایل کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہوگئیں۔ رونمائی کی تقریب میں ٹیموں کے کپتان بھی شریک ہوں گے۔ لاہور قلندرز کی ٹیم پہلےسے ہی لاہورمیں موجود ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹربھی منگل کو پہنچ جائیں گی۔ منگل سے ہی ٹیموں کی پریکٹس قذافی اسٹیڈیم اور ایل سی سی اے میں ہو سکے گی، قذافی اسٹیڈیم نے افتتاحی تقریب سمیت 9 میچز کی میزبانی کرنی ہے۔ سیکیورٹی کے پیش نظر اسٹیڈیم کے داخلی اور خارجی راستے اور نشترپارک اسپورٹس کمپلیکس میں موجود تمام ریسٹورنٹس بھی بند کردیئے گئے ہیں۔ پی ایس ایل 9 کیلئے ٹکٹوں کی فروخت کے لئے پی سی بی نے نجی کورئیر کمپنی سے معاہدہ کیا ہے، پیر سے مقررہ مختلف برانچز پرٹکٹ فروخت کیلئے پیش کیے جانے تھے تاہم متعدد پرٹکٹ فروخت کرنے کا سلسلہ شروع نہ ہوسکا ۔ ذمہ داران کا کہنا تھا کہ ٹکٹ تاخیر سے ملنے اور انتظامی معاملات کی وجہ سے ٹکٹ منگل سے فروخت کیے جائیں گے۔ پی سی بی نے جنرل انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت ساڑھے 7 سو روپے رکھی ہے، فرسٹ کلاس انکلوژرز کیلئے 15 سو، پریمیئیم انکلوژرز کیلئے 25 سو اور وی آئی پی انکلوژرز کیلئے ٹکٹ کی قیمت 5 ہزار روپے رکھی گئی ہے، ایلمینیٹر میچز کے ٹکٹ 750 ، 15 سو، 3 ہزار اور 5 ہزار روپے میں دستیاب ہیں۔ فائنل کیلئے ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار، ڈھائی ہزار، 4 ہزار اور 8 ہزار روپے ہے، پی ایس ایل 9 کی افتتاحی تقریب 17 فروری کو لاہور میں طے ہے، پہلا میچ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 34 میچز کے ایونٹ کے پہلے مرحلہ میں لاہور میں 9، ملتان میں5، دوسرے مرحلہ میں راولپنڈی میں 9 اور کراچی میں 11 میچز کا انعقاد ہونا ہے، 18 مارچ کو فائنل اور اختتامی تقریب منعقد ہوگی۔