اسلام آباد (این این آئی) تحریک انصاف کے رہنما لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ عوام نے فیصلہ سنا دیا ہے کہ عمران خان کوئی مجرم نہیں ہے، صدر پاکستان فی الفور عمران خان کو رہائی کے احکامات جاری کریں، عمران خان کے بغیر پاکستان کی جمہوریت نہیں چل سکتی ہے، نوازشریف ہار گئے ہیں توشکست تسلیم کرنے میں شرم محسوس نہ کریں، آئین کی تابعداری عسکری قیادت، عدلیہ سب پر لازمی ہے۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمارے پولنگ ایجنٹس کو ووٹوں کی گنتی کے دوران باہر نکال دیا گیا، الیکشن میں تحریک انصاف کو ہاتھ پاؤں باندھ کر میدان جنگ میں اتارا گیا۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ آفرین ہے عوام نے انھیں چاروں شانے چت کیا، الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔