• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وکلاء کاز اہم، تمام ضروریات پورا کرنے کی کوشش کی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے کہا ہے کہ بڑی خوشی ہے کہ آج میرے سامنے کوئی مطالبات کی لسٹ نہیں ۔ میرے اندر ایک وکیل ہے اور وکلاء کاز میرے لئے اہم ہے، ان کی کوئی بھی ضرورت جب بھی میرے تک پہنچی اس کو پہلی فرصت میں پوراکرنے کی کوشش کی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہائی کورٹ بار راولپنڈی کے زیر اہتمام ضلع میانوالی اور تحصیل سرائے عالمگیر کے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی کے ساتھ الحاق کے سلسلے میں ہونیوالی تقریب پذیرائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میرے ساتھی ججز جو راولپنڈی میں تعینات رہے وہ میری آ نکھیں اور کان تھے۔ انہوں نے بھرپور ساتھ دیا۔ تقریب میں لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس باقر نجفی، لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس جواد حسن و دیگر ججز ، ریٹائرڈ ججز جسٹس عبد الشکور پراچہ ، جسٹس عباد الرحمن لودھی ، ہائی کورٹ بار راولپنڈی کے صدر تنویر اقبال خان ، سیکرٹری جنرل راجہ شوکت ستی ، بشارت اللہ خان ، ساجد الیاس بھٹی، ڈسٹرکٹ بار کے صدر انتظار مہدی شاہ ، پاکستان بار کونسل کے حسن رضا پاشا، توفیق آصف، شیخ ضمیر، شیخ احسن الدین ، سعید یوسف خان ، ملک جواد خالد ، حنا نعمان سمیت راولپنڈی ڈویژن بھر سے وکلاء نے شرکت کی ۔ تقریب سے جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس صداقت علی خان ،تنویر اقبال خان ،حسن رضا پاشا ، راجہ شوکت ستی، ملک سلیم اقبال ممبر پنجاب بار کونسل میانوالی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔جسٹس صداقت علی خان نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے دبنگ قسم کے ایڈمنسٹریٹر کے طور پر بھی خود کو منوایا ۔
اسلام آباد سے مزید