کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارت نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی سب سے بڑی فتح حاصل کرتے ہوئے انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میں 434 رنز سے شکست دے دی۔ راجکوٹ میں جدیجا کی اسپن کے سامنے انگلش بیٹرز میچ کے چوتھے روز اتوار کوصرف 122 پر ڈھیر ہوگئے۔ بھار ت نے اسے 557 رنز کا ہدف دیا تھا۔ آل راؤنڈر رویندرا جدیجا نے 41 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں ۔ دوسری اننگز بھارت نے 4 وکٹوں پر 430 رنز بنا کر ڈیکلیئر کردی تھی۔ نوجوان بیٹر یشیسوی جیسوال نے 214 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ شبھمن گل 91 اور سرفراز خان نے 68 رنز بنائے۔ میچ میں 7 وکٹیں لینے اور پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے رویندرا جدیجا کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ بھارت کو سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔