کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ بلوچستان کی سیکرٹری اطلاعات محترمہ کرن بلوچ نےآصف علی زرداری کو ملک کا صدارتی امیدوار نامزد کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ صدر مملکت کے عہدے کیلئے آصف علی زرداری کے نام پر اتفاق رائے ملک و قوم کیلئے نیک شگون ہے، آصف علی زرداری جیسی مدبرانہ اور سنجیدہ قیادت ملک کیلئے ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کو جن چیلنجز کا سامنا ہے، اس سے نجات کیلئے سیاسی پختگی اورسینئر قیادت ہی بہترین فیصلے کر سکتی ہے اور آصف علی زرداری سیاست اور حکومت کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں ۔ انہوںکہا ہے کہ پیپلز پارٹی اورآصف علی زرداری ہی ملک کو معاشی اور سیاسی بحران سے نکال سکتے ہیں، آصف علی زرداری کے صدر بننے سے نئے این ایف سی ایوارڈ کے اجراء کی راہ ہموار ہوگی اور این ایف سی میں صوبوں کا حصہ بڑھانے سمیت 18ویں ترمیم کے تحت صوبائی خودمختاری کی بقیہ شقوں پر بھی عمل درآمد کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ مضبوط صوبے مضبوط وفاق کی علامت ہیں، اس لیے صوبائی خود مختاری کے تحت صوبوں کو معاشی طور پر مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا عوامی معاشی معاہدے کا منشور ہے جس پر عمل درآمد کیا جائے گا تاکہ غریب عوام کی زندگی بہتر ہو سکے۔