کراچی (اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ نئی اور نوجوان سوچ ہی کراچی کو آگے لے کرجائے گی، سندھ کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی پر جس بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، ہمارا ایک ایک کارکن اس اعتماد پر پورا اتر ے گا،بلاول بھٹو، آئندہ وزیراعظم شہباز شریف سے کراچی میں کے فور منصوبے کیلئے اعلان کردہ 125 ارب روپے دینے کا وعدہ پورا کرائیں گے،لیاقت آباد میں سیوریج کے مسائل تھے جنہیں حل کرنے جارہے ہیں جس پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں اسے تکمیل کے مراحل میں داخل کرینگے،یہ بات انہوں نے تین ہٹی تا ڈاک خانہ لیاقت ا ٓباد میں سیوریج نظام کی بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، میئر کراچی کے نمائندہ خصوصی برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، سٹی کونسل میں پیپلز پارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان اور پیپلز پارٹی ضلع وسطی کے دیگر منتخب عوامی نمائندے بھی موجود تھے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تقریباً ساڑھے سینتیس کروڑ روپے کی لاگت سے ضلع وسطی کے اس علاقے میں سیوریج منصوبے پر کام کیا جارہا ہے۔