کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر شہریوں کو بازیاب کرانے کے لئے اقدامات جاری رکھنے کا حکم دیدیا۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے تفیتیشی افسر سے استفسار کیا کہ شہریوں کی بازیابی کے لئے کیا اقدمات کیے گئے ہیں؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ شہریوں کی بازیابی کے لئے ملک بھر کی ایجنسیوں کو خظوط لکھے گئے ہیں ان کے جواب کا انتظار ہے۔ عدالت نے بدین سے لاپتہ شہری فیضان علی اور شریف آباد سے لاپتہ ارسلان الدین کی بازیابی کے لئے کارروائی جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔