اسلام آباد(نمائندہ جنگ) حکومت نے پاک ایران گیس منصوبے کے پہلے مرحلے کی منظوری دیدی،کابینہ کمیٹی برائے توانائی (CCoE) نے آئی پی گیس پائپ لائن کے حوالے سے پیٹرولیم ڈویژن کی سمری پر 23 فروری 2024 کو ہونے والے اجلاس میں غور کیا۔
سی سی او ای نے ستمبر 2023 میں وزیر اعظم کی جانب سے تشکیل کردہ آئی پی پروجیکٹ کے لیے وزارتی نگرانی کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی۔
کمیٹی نے پہلے مرحلے میں پاکستان کے اندر یعنی پاکستانی سرحد سے گوادر تک پائپ لائن کے 80 کلومیٹر حصے پر کام شروع کرنے کی سفارش کی تھی جو منظور کر لی گئ۔
اس پروجیکٹ کو انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ذریعے عمل میں لایا جائے گا اور اسے گیس انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس کے ذریعے فنڈ فراہم کیا جائے گا۔
تمام متعلقہ ڈویژنز نے پاکستان کے عوام کو گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اس منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے مثبت منظوری دی، اس سے ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو پورا کیا جا سکتا ہے۔