کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سیاسی احتجاج کے حق پر یقین رکھتا ہوں، مگر لوگوں کو پریشانی میں مبتلا کرکے سندھ اسمبلی کا گھیراؤ کرنے والے آخر کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں؟ شور اور احتجاج سے مسائل حل ہوتے تو حافظ نعیم اقوام متحدہ اور حلیم عادل شیخ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل بن گئے ہوتے، یہ سمجھنا ہوگا کہ ہمارے اثاثوں کو سوچی سمجھی سازش کے تحت تباہ کیا گیا تاکہ ان پر قابض لوگ پیسہ کمائیں اور کے ایم سی کو کچھ نہ ملے، مگر اب کسی کو مال غنیمت لوٹنے نہیں دیں گے۔وہ گزشتہ روز کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں باؤلنگ ایرینا کے آغاز پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر کرم اللہ وقاصی، دل محمد، سیف عباس حسنی،خواجہ احمد مستقیم اور دیگر بھی موجود تھے۔میئر کراچی نے کہا کہ 16کروڑ روپے کی لاگت سے باؤلنگ ایرینا بنانے کا کام شروع کردیا ہے، جسے نجی شعبے کی شراکت سے چلایا جائے گا، کے ایم سی مارکیٹ سے کم خرچ پر شہریوں کو یہ سہولت فراہم کررہی ہے۔میئر کراچی نے کہا کہ اسپورٹس کمپلیکس میں دیگر سہولتوں کو بھی فعال کردیا ہے، شہری ان سے فائدہ اٹھائیں، باؤلنگ ایرینا بنانے میں6 ماہ لگتے ہیں، مگر ہم 4 ماہ میں ہی اسے فعال کردیں گے تاکہ جون میں گرمیوں کی چھٹیوں سے قبل یہ سہولت شہریوں کے لئے دستیاب ہو جائے۔