حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی نے سینٹرل جیل حیدرآباد میں قیدیوں کی جیل سے مقدمات کی آن لائن سماعت کے لئے حاضری کے ویڈیو لنک سسٹم کاافتتاح کردیا ہے۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے دیگر ججز کے ہمراہ ہفتہ کو سینٹرل جیل حیدرآباد پہنچے تو جیل اہلکاروں نے انہیں گارڈ آف آنر اورسلامی پیش کی۔ اس موقع پر آئی جی جیل خانہ جات سید منور حسین شاہ نے انہیں سینٹرل جیل کے قیدیوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجے سمیت دیگرصورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی خانہ جات حیدرآباد محمداسلم ملک نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کے دیگر ججز کو سندھ کے روایتی تحائف اجرک اور سندھی ٹوپی کے علاوہ سوینیر پیش کئے ۔دورے کے موقع پر چیف جسٹس نے ویڈیو لنک کے ذریعے قیدیوں کی حاضری اور مقدمات کی سماعت کے سسٹم کاافتتاح کیا۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس عقیل احمدعباسی نے اس موقع پر کہا کہ اس نئے نظام کے ذریعے قیدی اب جیلوں سے عدالتوں میں پیش ہوسکیں گے اور اس کے ذریعے مقدمات کو تیزی سے نمٹانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیو لنک سسٹم کے نفاذ سے نہ صرف نقل وحمل کے اخراجات کی بچت ہوگی بلکہ قیدیوں کو جیلوں سے عدالتوں تک لے جانے کے حوالے سے سیکورٹی خدشات بھی دور ہوںگے۔