پشاور(اے پی پی)رحمان میڈیکل انسٹی ٹیوٹ ( آر ایم آئی) پشاور کے زیر اہتمام ہفتہ کو سالانہ کارڈیالوجی کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں امراض قلب کے ماہرین نے شرکت کی اور امراض قلب سے متعلق تجربات کا تبادلہ کیا. کانفرنس میں امراض قلب کے علاج، انتظام اور بالغوں میں پیدائشی دل کی بیماری کے انتظام جیسے اہم موضوعات پر بصیرت انگیز گفتگو کی گئی۔ کانفرنس میں مقررین جن میں لندن، یو کے سے پروفیسر افسر رضا، اوکلاہوما ہارٹ، یو ایس اے سے ڈاکٹر نعیم طاہر خیلی، لاہور سے پروفیسر زبیر اکرم، راولپنڈی سے پروفیسر معاذ اللہ خان سمیت دیگر نے اپنے تجربات اور مہارتوں کا تبادلہ کیا۔ اس موقع پر رحمان میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے شعبہ امراض قلب (کارڈیالوجی)کے سربراہ اور کانفرنس کے سرپرست پروفیسر ڈاکٹر مقداد علی خان نے اپنے خطاب میں اس طرح کے باہمی کانفرنس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان سیشنز کے دوران علم کا تبادلہ بلا شبہ ہماری اجتماعی ترقی اور امراض قلب کے انتظام میں جدت لانے میں معاون ہے۔