• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

توانائی بل اپریل میں کم ہوجائیں گے، ریگولیٹر آف جم

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) ریگولیٹر آف جم نے کہا ہے کہ اپریل سے توانائی کے بل اپریل میں 12.3 فیصد کم ہو کر گزشتہ دو سال کی کمترین سطح پر آجائیں گے۔ انہوں نے اپریل سے جون تک کی سہ ماہی کے لئے بجلی اور گیس کے بل کی سالانہ اوسط 1690پونڈ مقرر کی گئی ہے جس سے سال بھر میں 238 پونڈ کی بچت ہوگی، اور اس سے 29 ملین افراد کو فائدہ پہنچے گا۔ ہول سیل قیمتوں میں کمی کی وجہ اس سال یورپ میں سخت سردی کا نہ ہونا ہے۔ بل اگرچہ اب بھی اپریل 2021کے مقابلے میں 50فیصد زیادہ ہیں لیکن یہ لز ٹرس کے وقت 25سو پونڈ کی انرجی پرائس گارنٹی سے 8 سو پونڈ کم ہیں۔ انرجی پرائس کیپ جنوری 2019 میں تھریسامے کی حکومت نے متعارف کرائی تھی اور آف جم باقاعدگی سے اس لیول کا جائزہ لیتی ہے اس وقت گیس کی قیمت 6پنس فی کلوواٹ جبکہ بجلی کی 24 پنس فی کلوواٹ فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔ لیبر پارٹی کے شیڈو انرجی سیکرٹری ایڈمنڈ بلی بینڈ نے کہاہے کہ اگرچہ یہ اچھی بات ہے کہ انرجی کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ محنت کش طبقے کے لئے یہ قیمت ابھی بہت زیادہ ہے۔ ریگولیٹر آف جم بجلی یا گیس کے بل کل ادائیگی کی قیمت نہیں بلکہ صرف فی یونٹ قیمت مقرر کرتا ہے چنانچہ اگر آپ یونٹس کو زیادہ استعمال کریں گے تو آپ کا بل بھی زیادہ آئے گا۔
یورپ سے سے مزید