• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی، بین الاقوامی یکجہتی فلسطین کانفرنس، غزہ میں جارحیت بند کرنے کا مطالبہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہاکہ ہم یہاں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے جمع ہوئے ہیں، یہ مسلمانوں اور عربوں کاہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کا مسئلہ ہے،یہ انصاف اور مساوات کا معاملہ ہے، عالمی برادری مسئلہ فلسطین کے حل میں ناکام ہو چکی ہے،مغربی حکومتیں بھی اپنے دہرے معیار کی وجہ سے بے نقاب ہو چکی ہیں،مسئلہ فلسطین ہو یا مسئلہ کشمیر دونوں ہی نو آبادیاتی پالیسیوں کا نتیجہ ہیں،ان خیالات کا اظہارانہوں نے فلسطین اکیڈمک فورم، فلسطین فاؤنڈیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام چائنیزٹیچرزمیموریل آڈیٹوریم جامعہ کراچی میں منعقد وسری بین الاقوامی یکجہتی فلسطین کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلرنے ہاؤس میں ایک قرارداد کے ذریعہ فلسطین میں فوری جنگ بندی اور غزہ پر جارحیت بند کرنے کا مطالبہ کیا، ملائیشیا کے قونصل جنرل ہرمن ہاردیناتا نے کہا کہ فلسطین میں 2.3 ملین لوگ بے گھر ہیں، شہادتیں 30 ہزار کے قریب ہیں جبکہ مرنے والوں میں خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ ہے، غزہ کا انفرا اسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے یہ فلسطین کی کل تصویر ہے، ترکیہ کے قونصل جنرل سیمل سانگو(cemal sangu)نے کہا کہ کہ غزہ میں جرائم ہی نہیں فلسطینیوں کی نسل کشی ہو رہی ہے، یہ ہمارے لیے شرم کی بات ہے ، انڈونیشیا کے قونصل جنرل Dr June kuncoro hadiningrat نے کہا کہ یہ وہ وقت ہے کہ اب ہمیں سلامتی کونسل کے ویٹو پاور اراکین کی تبدیلی کے لیے سوچنا ہوگا، رشین فیڈریشن کے نمائندہSatinslove نے فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ، اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان نے کہا کہ ہم فلسطینیوں کے حق واپسی، حق خود ارادیت او ر دفاع کے حق کی بھرپور حمایت کرتے ہیں ،رئیس کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر شائستہ تبسم، رئیس کلیہ معارف اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی ، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔