کوئٹہ+اندرون بلوچستان (نمائندگان جنگ/ ایجنسیاں) وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش اور برفباری کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی‘ سردی کی شدت میں اضافے کیساتھ گیس بند‘ ندی نالوں میں طغیانی، پی ڈی ایم اے اور دیگر محکموں کی جانب سے سڑکوں کی بحالی کیلئے ہیوی مشینری کے ذریعے برف کو ہٹایا جارہا ہے۔ بارش اور برفباری سے بلوچستان کے شمالی اور سرد علاقوں کان مہترزئی، کوژک ٹاپ، لکپاس اور زیارت کے پہاڑی علاقوں میں برفباری رات گئے سے وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے موسم کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔پی ڈی ایم اے ،نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور موٹروے پولیس نے ان شاہراہوں پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے انتظامات کر رکھے ہیں اور بھاری مشینری کے ساتھ برف کو ہٹایا جارہا ہے۔ نوکنڈی کے نامہ نگار کے مطابق نوکنڈی میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ،بجلی سمیت ٹریفک کا نظام متاثر رہا تاہم جانی مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ قلات نامہ نگار کے مطابق قلات منگچر اور گردونواح میں تیز بارش کاسلسلہ جاری رہا۔