اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن نتائج ووٹوں کی گنتی پر نہیں ریاضی کے فارمولوں پر مرتب کیے گئے، جمہوریت پر یقین رکھنے والی سیاسی جماعتوں کو جمہوریت اور آئین کی حفاظت کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہوگا، الیکشن سلیکشن کا نام ہے تو قوم سے مذاق اور اربوں روپے ضائع کرنے کی کیا ضرورت ہے، دھاندلی کو ایکسپوز کرنے کے لیے تمام آئینی و جمہوری راستے اختیار کریں گے، مسئلہ جیت ہار کا نہیں حق دار کے حق کا ہے۔منصورہ میں ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے نتیجہ میں بننے والی حکومت کبھی بھی عوامی مسائل حل نہیں کرسکے گی، اداروں نے قوم کے اعتماد کو مجروح کیا، دائروں میں سفر سے استحکام، امن اور ترقی حاصل نہیں ہوگی، کرپشن زدہ لوگوں کو ایوانوں میں پہنچانے کاسلسلہ جاری رہا تو خدانخواستہ ملک مزید سانحات کا شکار ہوسکتا ہے، مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پسنے والے عوام کا پیمانہ صبر لبریز ہوگیا، الیکشن کمیشنر دھاندلی کی ذمہ داری قبول نہیں کررہے ہیں۔