• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ کیخلاف میچ سے قبل کنگز کے 13 کھلاڑی فوڈ پوائزننگ کے شکار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اہم میچ سے قبل کراچی کنگز کے 13 کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف کے کچھ ارکان فوڈ پوائزنگ کا شکار ہوگئے لیکن میچ وقت پر شروع ہوا اور گیارہ فٹ کھلاڑیوں نے میچ میں شرکت کی۔ کپتان شان مسعود نے ٹاس کے وقت کہا کہ ڈوپلائی اسپتال میں داخل ہیں ہمیں الیون بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹیم انتظامیہ نے الزام عائد کیا ہے کہ کراچی کے بڑے ہوٹل کا کھانا کھانے سے کھلاڑی بیمار ہوئے۔ ٹیم ڈائریکٹر حیدر اظہر نے کہا کہ 2 دن کافی مشکل رہے۔ کچھ کھلاڑیوں کی طبیعت ایسی نہیں تھی کہ وہ کھیل سکیں، ایک دو کھلاڑیوں کو ڈرپ بھی لگی ہیں ۔ ٹیم ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈینیل سیمز کو ڈرپ لگی ہیں، ڈوپلائی اسپتال میں ہیں، تبریز شمسی کی طبیعت ٹھیک نہیں ، میر حمزہ اور عرفات منہاس کو بھی بخار ہے۔ کنگز کے 3 کھلاڑیوں کو ہوٹل میں ڈرپ لگوائی گئی ہے، کھلاڑیوں نے ہوٹل میں ہی کھانا کھایا جس کے بعد یہ صورتحال پیش آئی۔ ذرائع کے مطابق پیٹ خراب ہونے والوں میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہیں، گزشتہ روز بھی سیمز اور جیمز وینس پیٹ خراب کی وجہ سے میچ نہیں کھیلے تھے۔ ادھر سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر سکندر بخت نے دعوی کیا ہے کہ دو دن قبل شام کو ٹیم کو ڈی ایچ اے سے ہوٹل جاتے ہوئے دیکھا تھا مجھے بتایا گیا کہ کھلاڑی کسی کے گھر سے کھانا کھا کر واپس جارہے ہیں۔ کراچی کنگز نے اسکواڈ میں 4 تبدیلیاں کیں۔ لوئس ڈوپلائی، تبریز شمسی، محمد عامر خان، اور میر حمزہ ٹیم کا حصہ نہیں ، فاسٹ بولر بلیسنگ موزربانی، لیگ اسپنر زاہد محمود، اور آل راؤنڈر انور علی نے کراچی کنگز کیلئے اپنا ڈیبیوکیا، نائب کپتان جیمز ونس کی واپسی ہوئی ۔

اسپورٹس سے مزید