کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے مغوی خاتون کو بازیاب کر اکر اغوا کا ر سمیت 11ملزمان کو گرفتار کر کے مسروقہ موٹرسائیکل بھاری مقدار میں چرس قبضے میں لے لی۔ پولیس کے مطابق ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ محمد جواد طارق کی ہدایت پر ڈی ایس پی صدر سرکل عبدالرب کاکڑ ، ایس ایچ او بروری عبدالحی گرانی نے دیگر عملے کے ہمراہ ہزارہ ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے اغوا کار لیاقت کو گرفتار کر کے مغوی خاتون کو بازیاب کرا لیاجبکہ منشیات فروش محمد صابر کو گرفتارکرکے 05 کلو چرس اور فیض ا حمد کو گرفتارکرکے مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ ایس ایچ او سریاب عابد رضا مینگل نے دیگر عملے کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے اقدام قتل میں مطلوب اشتہاری عبد الحکیم کو جبکہ دوران چیکنگ منشیات فروش محمد اکرم کو گرفتار کرکے 5 کلو چرس برآمد کرلی۔ ایک اور کارروائی میں بچے کو کچل کر فرار ہونیوالے ملزم سعید احمد کو گرفتارکرلیا گیا ۔ ایس ایچ او زرغون آباد بابر بلوچ نے مفرور ملزم حسین گل اور شائشتہ گل کو گرفتارکرلیا جبکہ ایس ایچ او نیو کچلاک امین جعفر نے دیگر عملے کے ہمراہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو منشیات اسمگلروں شہزاد اور محمد عقیل کو گرفتار کر کے دس کلو چرس قبضے میں لے لی ۔اسمگلر منشیات کراچی لے جانے کی کوشش کر رہے تھے۔