اسلام آباد(صباح نیوز)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ ہم انصاف کیلئے بیٹھے ہیں، حکومت کے غلط کام کی حفاظت کیلئے نہیں بیٹھے، خیبر پختونخوا میں پٹواری کی 14آسامیوں کیلئے لوگوں نے بڑی سرمایاکاری کی ہوگی، محکمے کی جانب سے صرف14لوگوں کی لسٹ بنائی ہے ، ہزاروں لوگوں نے اپلائی کیا ہوگا، جب سرکاری وکیل میرٹ لسٹ فراہم کرنے کیلئے ایک ماہ کا وقت مانگ رہے ہیں تو ہمیں شک ہونے لگتا ہے کہ کوئی لسٹ موجود نہیں اور اب لسٹ تیار کی جائیگی، اگر لسٹ موجود ہو تووہ دو منٹ میں میرٹ لسٹ لادو۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل تین رکنی بینچ نے خیبرپختونخوا میں 14پٹواریوں کی آسامیوں پر تعیناتیوں کے معاملہ پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، خیبر پختونخوا ، پشاور اوردیگر کی جانب سے خورشید احمد کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔