کراچی(رفیق مانگٹ) جون میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والےٹی20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کی ٹکٹوں کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ امریکی اخبار یو ایس ٹو ڈے کے مطابق9 جون کو نیو یارک میں پاکستان بھارت یا 15 جون کو لاڈر ہل میں بھارت بمقابلہ کینیڈا میچوں کے فروخت شدہ ٹکٹ ری سیل ،ویب سائٹ پران کی اصل قیمتوں سے کم از کم دگنا قیمت پر فروخت ہو رہے ہیں۔پاک بھارت میچ کے لیے سب سے زیادہ قیمت والا ٹکٹ چار کروڑ87لاکھ روپے(ایک لاکھ 75ہزار ڈالر) کے قریب ہے، جس میں ٹیکس فیس 50ہزار ڈالر ہے ، ٹکٹ کی کل قیمت چھ کروڑ 26لاکھ روپے( دو لاکھ25ہزار ڈالر) ہے۔آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے جنرل ٹکٹوں کی فروخت کے دس دن بعد ری سیل ویب سائٹس، جیسا کہ StubHub اور SeatGeek، پر دوبارہ فروخت کی جارہی ہیں، جن کی قیمتیں نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن(این بی اے)یا میجر لیگ بیس بال کا مقابلہ کر سکتی ہیں باضابطہ فروخت میں، میچ کے ٹکٹ 1670روپے(6ڈالر) سے شروع ہوئی، پاک بھارت میچ میں بغیر ٹیکس کے پریمیم سیٹنگ کےلیےمہنگی ترین ٹکٹ چار سو ڈالرمیں تھی۔ آئی سی سی نے واضح کیا تھا کہ مخصوص ٹیکسوں سے زیادہ کوئی اضافی فیس نہیں لگائی جائے گی۔ری سیل ویب سائٹ پر، اسی میچ کے وی آئی پی ٹکٹس چالیس ہزار ڈالر سے زیادہ میں پیش کیے جا رہے ہیں، جن کی فیس دس ہزار ڈالر کے قریب ہے، جس کی کل قیمت 50ہزار ڈالرسے زیادہ ہو جاتی ہے۔ StubHub پر پاک بھارت میچ کا سب سے سستا ٹکٹ جمعہ تک1259 ڈالرمیں تھا ۔ SeatGeek پر میچ کے لیے سب سے کم قیمت والا ٹکٹ جمعہ کی سہ پہر تک بغیر ٹیکس یا فیس کے 1166ڈالرکا ہے۔اس کے مقابلے میں، گزشتہ سال ورلڈ سیریز کے ٹکٹ کی اوسط قیمت تقریباً 1100ڈالر تھی، این بی اے فائنلز کے لیے کورٹسائیڈ سیٹیں 24 ہزار ڈالرتک جا رہی تھیں او رسپر باوٗل 58 کے ٹکٹ کی اوسط قیمت سیکنڈ مارکیٹ میں تقریباً 9ہزار ڈالرتھی۔ٹورنامنٹ کے دیگر میچوں کے ٹکٹ، خاص طور پر وہ میچز جن میں بھارت کھیل رہا ہے، بھی زیادہ قیمتوں پر دوبارہ فروخت کیے جا رہے ہیں، حالانکہ پاکستان بمقابلہ بھارت جتنے زیادہ نہیں، جو کہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیاد مانگ ہے۔