لاہور(خبرنگار) چینی قونصلیٹ نے پنجاب یونیورسٹی اورینٹل کالج کی تزئین و آرائش کے لیے 40 لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کر دی۔ اس سلسلے میں چینی قونصل جنرل مسٹر ژاؤ شیریں نے پنجاب یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر پرنسپل اورینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر نبیلہ رحمان، ڈائریکٹر سپورٹس پروفیسر ڈاکٹرمحمد ظفر اقبال بٹ، رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام، ایڈیشنل خزانہ دار راؤمحمد طاہررفیق اور چیف انجینئر فیض الحسن سپرا نے شرکت کی۔ ملاقات میں چینی وفد نے پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ سپورٹس بالخصوص ٹینس، باسکٹ بال، بیڈمنٹن اور سوئمنگ پول کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد نے پنجاب یونیورسٹی کنفیوشس انسٹیٹیوٹ میں جاری تعلیمی سرگرمیوں پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا۔ وفد کے شرکاء نے پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کا شکریہ ادا کیا۔