کوئٹہ (نمائندہ جنگ+خبررساں ادارے) وادی کوئٹہ اور بلوچستان کے شمال وشمال مغربی علاقوں میں شدید سردی کی لہر ،یخ بستہ ہواؤں کے باعث کوئٹہ میں گھروں میں پانی کے پائپ اور سڑکوں پر پانی جم گیا۔وادی کوئٹہ اور گردونواح میں گزشتہ روز کی بارش اور برفباری کے بعد رات گئے یخ بستہ ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوا تھا جو صبح تک جاری رہا ، سردی کی شدت میں اضافے کے بعد گھروں میں پانی کے پائپ اور سڑکوں پر پانی جم گیا ۔گیس پریشرمیں بندش کا سلسلہ جاری‘ماشکیل کا زمینی رابطہ منقطع،قلات میں درجہ حرارت منفی8 ہوگیا، گھروں میں پانی کے پائپ جم جانے سے شہریوں کوپانی کے حصول میں شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا ،جبکہ گاڑیوں کے ریڈی ایٹرز میں بھی پانی جم گیا ،اسی طرح سڑکوں پرپانی جمنے سے پھسلن کے باعث موٹر سائیکل اورگاڑی چلانے والوں کودشواری کاسامنا کرناپڑا،دوسری جانب شدید سردی کے بعد سریاب، نواں کلی،زرغون آباد، کلی نوحصار سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔