اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) وفاقی کا بینہ کی تشکیل کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف نے مشاورت شروع کردی ہے۔ وزیر اعظم آج بروز منگل گوادر کا دورہ کریں گے اور وہاں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جا ئزہ لیں گے۔
وزیر اعظم کل بروز بدھ کراچی کا دورہ کریں گے۔ وہ مزار قائد پر حاضری دیں گے۔ جمعرات کو کابینہ کی تشکیل کو حتمی شکل دی جائے گی۔
آج گوادر سے واپس آکر وزیر اعظم ایف بی آر سے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے۔ وزیر اعظم نے طے کیا ہے کہ معیشت کے ہر پہلو پر الگ الگ اجلاس بلایا جائے گا۔
وزیر اعظم نے پیر کے روز ملکی معیشت پر مجموعی جائزہ کیلئے اجلاس بلایا تھا۔اہم بات یہ ہے کہ اس اجلاس میں سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار موجود نہیں تھے بلکہ سابق وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل سنیٹر مصدق ملک کو مشاورت کیلئے بلایا گیا۔
وزیراعظم نے انہیں پہلی نشست دی ۔ قوی امکان ہے کہ ڈاکٹر مصدق ملک کو وزارت خزانہ کا قلم دان سونپا جائے۔ ا س اجلا س میں احد چیمہ کو بھی بلایا گیا۔ احد چیمہ کو وزیراعظم نے اپنا مشیر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ وزیر اعظم آفس میں ہی بیٹھیں گے۔
عطا تارڑ کو وزیر اطلاعات و نشریات‘ خوآجہ اصف کو وزیر دفاع ‘ اسحٰق ڈار کو وزیر خارجہ‘ احسن اقبال کو وزیر منصو بہ بندی و ترقیات بنائے جا نے کا امکان ہے۔
رانا تنویر حسین اور شزہ فاطمہ خواجہ بھی کابینہ کا حصہ ہوں گے۔ جہانزیب خان وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہوں گے۔مسلم لیگ ( شجاعت حسین ) کے چوہدری طارق بشیر چیمہ اور چوہدری سالک حسین بھی کابینہ میں شامل ہوں گے۔
ایم کیو ایم کے بھی دو وزیر لئے جائیں گے۔ استحکام پاکستان پارٹی کے عبدالعلیم خان بھی کابینہ میں شامل ہوں گے۔ پہلے مرحلے میں پیپلز پارٹی کابینہ میں شامل نہیں ہوگی۔ دوسرے مرحلے میں پیپلزپارٹی وزارتیں لے گی۔