لاہور(نیوز ایجنسیز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کسی نے عوام سے نوالہ چھینا تو بے رحمانہ سلوک کروں گی،اپوزیشن عالم سوگ میں ہے لیکن وہ ہمیں خدمت سے نہیں روک سکتے ، 65 لاکھ خاندانوں کیلئے رمضان پیکیج ، رمضان میں عوام کو قطاروں میں کھڑا نہیں ہونا پڑے گا، تین کروڑ سے زائد لوگ مستفید ہوں گے ، پہلی تقریر میں عوام سے وعدوں کی تکمیل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حلف کے بعد صرف 9 روز میں عوامی ریلیف کیلئے رمضان نگہبان پیکیج تیار کر لیا جس کے تحت65لاکھ خاندانوں کو پیکج ملے گا۔ عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے کی کوشش کی گئی تو بہت سختی سے پیش آؤں گی، ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا،رمضان بازار بھی لگائے جائیں گے۔