کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی زرک خان مندوخیل سے گزشتہ روز ضلع کوئٹہ کے صدر ارباب اقبال کاسی اور جنرل سیکرٹری جاوید اعوان کی قیادت میں ضلعی عہدیداروں نے ملاقات کی اور انہیں حلف اٹھانے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر رکن اسمبلی زرک خان مندوخیل نے کہا کہ میری کامیابی پارٹی کارکنوں کی محنت اور عوام کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ صرف اپنے حلقے کو نہیں پورے کوئٹہ کی ترقی پر توجہ دی جائے گی۔ عوام کے بنیادی مسائل کا حل میرا مقصد ہے، ضلع کوئٹہ کے تمام عہدیداروں کا مشکور ہوں جنہوں نے انتخابات کے دوران میری کامیابی کیلئے بھرپور کوششیں کیں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے اور یہاں کے شہری قائد میاں نوازشریف اور صوبائی صدر شیخ جعفر مندوخیل کے ساتھ ہیں۔ پورا کوئٹہ میرا حلقہ ہے اور میری پوری کوشش ہوگی کہ عوام کے مسائل کے حل اوربنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کروں ۔ بلاکسی تفریق کے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھوں گا ، کبھی یہ نہیں دیکھا جائے گا کہ فلاں شخص مخالف پارٹی سے تعلق رکھتا ہے۔ میرا مقصد عوام کی خدمت ہے۔ اس موقع پر ارباب اقبال اور جاوید اعوان نے انہیں ضلع کوئٹہ میں اپنی کابینہ کی جانب سے ملکر کام کرنے کا یقین دلایا اور کہا کہ جس طرح ہم الیکشن کے دوران مشاورت کے ساتھ کامیابی کی منزل تک پہنچے اسی طرح مشاورت کے ساتھ ضلع کی تمام یونین کونسل میں کمیٹیاں تشکیل دے کر بنیادی مسائل کا حل نکالیں گے کیونکہ کوئٹہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا گڑھ تھا اور رہے گا۔اسلئے کارکنان تک صوبائی سطح پر رابطے بڑھا کر تمام تحفظات کو دور کیا جائے گا، کارکن اپنے قائد نوازشریف اور صوبائی صدر شیخ جعفر مندوخیل کی قیادت میں متحد ہیں۔ علاوہ ازیں بیان میں آصف علی زرداری کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا گیا کہ انکی واضح برتری جمہوریت کی جیت ہے۔