پشاور(جنگ نیوز)سابق صوبائی وزیر اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے نائب صدر محمد عدنان جلیل نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ ملک میں جمہوریت کو مضبوط اور سیاسی قوتوں کے درمیان محاذ آرائی کو کم کرنے کیلئے مفاہمت کی پالیسی کو فروغ دیں گے۔ ایک بیان میں محمد عدنان جلیل نے کہا کہ صدر پاکستان کی حیثیت سے اپنے پہلے دور میں صدر آصف علی زرداری نے ملک کے لیے بے مثال خدمات انجام دیں اور قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کا اجرا کرکے چھوٹے وفاقی اکائیوں کے حقوق کی نہ صرف ضمانت دی بلکہ خیبرپختونخوا کے لوگوں کو شناخت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری واحد ریاست کے سربراہ ہیں جنہوں نے پارلیمنٹ کی بالادستی کےلئے اپنے اختیارات ایوان کے سپرد کیے اور بلوچستان کے عوام کے احساس محرومی کو ختم کرنے کے لیے حقوق بلوچستان پروگرام بھی شروع کیا۔محمد عدنان جلیل، جو بزرگ قوم پرست، مرحوم حاجی محمد عدیل کے صاحبزادے ہیں، نے آصف علی زرداری کو پاکستان کا صدر منتخب ہونے پر ملک کی تمام جمہوری قوتوں اور پیپلز پارٹی کی قیادت کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے انتخاب سے قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ ملے گا اور ملک میں ترقی و خوشحالی کے دور کا آغاز ہو گا۔