کوئٹہ (خ ن)کوئٹہ کمشنر کوئٹہ و ایڈمنسٹریٹر حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں غیر قانونی ایرانی پٹرول پمپس کے خلاف جلد گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے گا اور تمام انتظامی افسران اپنے علاقوں میں غیر قانونی ایرانی پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی شروع کریں اگر متعلقہ افسران نا کام ہوئے تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ جاری بیان میں کہا گیا کہ اس وقت کوئٹہ شہر میں غیر قانونی ایرانی پٹرول پمپس کی بھرمار ہے جس کی وجہ سے کوئی بھی ناگہانی حادثہ پیدا ہوسکتا ہے جس کے خلاف جلد آپریشن شروع کیا جائے گا اور تمام غیر قانونی ایرانی پٹرول پمپس مالکان کو مطلع کیا جاتا ہے کہ فوری طور پر پمپس کو ختم کیا جائے اگر ایسا نہ کیا گیا تو ضلعی انتظامیہ اس کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گی۔درایں اثناء کمشنر کوئٹہ ڈویژن وایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن حمزہ شفقات نے شدید بارش میں مسجد روڈ پر نالوں کی صفائی اور تجاوزات کو کلیئر کرانے کے عمل کی نگرانی کی، اس موقع پر میٹروپولیٹن کارپوریشن کے عملے نے نالوں کو صاف اور سٹرک پر تجاوزات کو ہٹا کر ٹریفک کی روانی بہتر بنائی ۔ اس موقع پر کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ ٹریفک کی بہتری ،تجاوزات کے خاتمے اور شہر کی صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔رمضان المبارک کی آمد اور مرکزی شہر میں خریداروں کے رش کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل پیدا ہورہے ہیںجن کے حل کے لئے انتظامیہ اور ٹریفک پولیس اقدامات اٹھا رہی ہیں۔