کوئٹہ(اے پی پی)کمشنر حمزہ شفقات کی نگرانی میں کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے بارشوں کے پانی کے اخراج کے لئے کارروائیاں جاری ہیں اور شہر میں عوامی آمد و رفت کی مرکزی شاہراہوں سے پانی نکال دیا گیا ہے ۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن حکام کے مطابق کوئٹہ شہر میں امداد چوک اور ارد گرد بارشوں سے بند ہوجانے والے ڈرینج سسٹم کو بحال کردیا گیا ہے۔کمشنر نے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور جاری کارروائیوں کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر انہوں نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسران کو ہدایت کی کہ شہر بھر میں میونسپل سروسز کی بحالی کے لئے مربوط کارروائیوں کی نگرانی کی جائے، بارشوں کے غیر معمولی حالات میں تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں تاہم مختلف شفٹوں میں تمام زونز میں عملے کی حاضری یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کا عملہ کسی بھی انتظامی معاونت کے لئے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے دفتر کی انتظامی خدمات حاصل کرسکتا ہے۔