پشاور(جنگ نیوز) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے رمضان المبارک کے لئے ٹریفک پلان تشکیل دیدیا۔ اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ کی زیر صدارت رمضان المبارک میں ٹریفک کنٹرول کرنے سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس پی ہیڈکوارٹرز ارشد خان، ایس پی کینٹ محمد سعید، ایس پی سٹی ریاض خان، ڈی ایس پیز سمیت ٹریفک آفیسرز اور ٹریفک وارڈنز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے ماضی کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک کیلئے جامع پلان تشکیل دیدیا ہے جس کے تحت ٹریفک افسران اور اہلکار رات گئے تک ڈیوٹی انجام دینگے اسی طرح ٹریفک پلان کے تحت شہر بھر میں 3 ایس پیزʼ 12 ڈی ایس پیز سمیت 1035 وارڈنز ڈیوٹی انجام دینگے جبکہ 18 فورک لفٹرز فرائض سرانجام دیں گے ٹریفک کنٹرول کرنے کے لئے افسران اور اہلکاروں کو شہر بھر کے مختلف سیکٹروں میں اپنی اپنی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں اور افطاری اور اس کے بعد وہ شہر بھر میں پٹرولنگ کرینگے۔ چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے ٹریفک حکام کو رمضان المبارک میں رش کو کنٹرول کرنے کیلئے جاری کردہ ٹریفک پلان پر مکمل طور پر عملدرآمد یقینی بنانے اور اسے کامیاب بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات درپیش نہیں آنی چاہئے، انہوں نے مزید کہا کہ وہ رمضان المبارک میں ٹریفک نظام کی خود مانیٹرنگ کرینگے اور اس سلسلے میں شہر بھر کے مختلف اوقات میں دورے بھی کرینگے اور ٹریفک نظام کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے سیکٹروں میں موجود رہیں اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور زیادہ رش والی مقامات پر نفری بڑھائیں تاکہ ٹریفک جام کے شکایات پیش نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ غلط پارکنگ کرنیوالی گاڑیوں کو فورک لفٹر کے ذریعے اٹھائیں اور اس سلسلے میں کسی کیساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔