لاہور/ اسلام آباد(نمائندگان جنگ / آن لائن) صدر مملکت آصف علی زرداری،وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر علیم خان نے اپنی تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ایوانِ صدرسے جاری بیان کے مطابق صدر ِمملکت نے تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ درپیش معاشی چیلنجز کے پیش ِنظر کیا۔صدر آصف زرداری کے فیصلے کا مقصد ملک میں دانشمندانہ مالیاتی انتظام کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ صدر مملکت نے قومی خزانے پر بوجھ نہ ڈالنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تنخواہ نہ لینے کو ترجیح دی۔ محسن نقوی کی جانب سے اپنے اکاؤنٹ پر پیغام جاری کیا گیا، جس میں انہوں نے کہا کہ الحمدللہ، وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات کی حیثیت سے قوم کی خدمت کرنے کا اعزاز حاصل ہواہے ملک اور قوم کی ہر ممکن خدمت کریں گے،اس مشکل اور چیلنجنگ وقت میں تنخواہ نہیں لوں گا۔